دسواں الزام: بنت سمری کا ابن منصورؒکی طرف ایک کلمۂ کفرمنسوب کرنا
’’بنت سمری نے کہاکہ ایک دن صبح کے وقت میں چھت سے اتررہی تھی، حلّاج کی لڑکی میرےساتھ تھی اوروہ مکان کے صحن میں تھے۔ جب ہم زینے میں اس جگہ پہنچے جہاں سےوہ ہم کودیکھتے اورہم ان کودیکھتےتھےتوان کی لڑکی نے مجھ سے کہا۔ ان کے آگے سجدہ کرو۔ میں نے کہا، کیااﷲکےسوابھی کسی کوسجدہ کیاجاسکتاہے؟ میرایہ جواب حلّاج نے سن لیا، توکہا! نعم إله فِي السماء، وإله فِي الأرض لَّا إِلَٰهَ إِلَّإ الله وحدہ (ترجمہ: ہاں آسمان میں بھی معبودہے، زمین میں بھی معبودہے، اﷲوحدہ کےسواکوئی معبودنہیں)‘‘۔ (تاریخ الطبری، الأبی جعفرمحمدبن جریزالطبری:ج۱۱، ص۸۱)
’’بنت سمری نےیہ بھی کہا کہ ابن منصورنے ایک دن مجھے بلایااوراپناہاتھ آستین کے اندرڈال کرنکالاتو وہ مشک سے بھراہواتھا، وہ مشک مجھے دی، دوبارہ پھرآستین میں ہاتھ ڈالااور مشک سے بھراہوانکالا، وہ بھی مجھے دی۔ اسی طرح چندبارکیا اور کہااس کو اپنی خوشبومیں ڈال لے، کیونکہ عورت جب مردکے پاس پہنچتی ہے تو اسے خوشبوکی حاجت ہوتی ہے۔ پھر ایک دن وہ اپنے کمرہ میں بوریوں پر بیٹھے تھے، مجھے بلایااور کہا! فلاں جگہ سے بوریہ اٹھاؤاور اسکے نیچے سے جتنا چاہولےلو۔ میں نے اس جگہ سے بوریہ اٹھایاتو اس کے نیچے تمام گھرمیں دینا ربچھے ہوئے دیکھےجس سے میری آنکھوں میں چکا چوند ہونے لگی‘‘۔ (بحوالہ تاریخ الطبری، الأبی جعفرمحمدبن جریزالطبری:ج۱۱، ص۸۱)
جواب:
جواب:
اس روایت میں بنت سمری منفرد(اکیلی) بھی ہے اور مجہول بھی جس کے حالات کا کچھ پتہ نہیں کہ وہ ثقہ ہے یا غیرثقہ لہٰذابنت سمری کی روایت پر نہ اعتماد کیا جاسکتاہے اور نہ اس کی روایت سے ابن منصورؒ پرکوئی الزام قائم ہوسکتا ہے۔ پھر ایک عورت کے بیان سے کوئی حجت قام نہیں ہوسکتی۔ دوسری بات یہ کہ اگربنت سمری کی پہلی روایت کو سچ مان لیا جائے تو پھر اس کی دوسری روایت کو بھی سچ ماننا پڑےگاجس سےابن منصورؒکےصاحبِ کرامت ہونےکاثبوت ملتاہے۔
تیسری بات یہ کہ ابن منصورؒ کے کلام میں اگر ’’لَّا إِلَٰهَ إِلَّإ الله وحدہ‘‘کے الفاظ نہ ہوتے توواقعی یہ کلمۂ کفرتھا، مگرآخری جملہ نے واضح کردیا کہ یہ کلمۂ کفر نہیں بلکہ کلمۂ توحیدہے۔ لہٰذا پہلے جملے کے معنیٰ بالکل ایسے ہیں جیسے قرآن کریم کی اس آیت میں ہے: ’’وَهُوَ اللَّهُ فِي السَّمَاوَاتِ وَفِي الْأَرْضِ‘‘۔ ’’اوروہی ہے اﷲ آسمانوں میں بھی اور زمین میں بھی‘‘۔ [سورۃ الانعام:۳]

No comments:
Post a Comment