Thursday, 18 June 2020

شہید حسین بن منصور حلّاج رحمہ اﷲتعالیٰ پرلگائے گئے الزامات کا جواب

آٹھواں الزام: بعض کفریہ اشعارکی نسبت
خطیب بغدادیؒ نےابن باکویہ شیرازی کے واسطہ سے بیان کیاہےکہ انہوں نے عیسیٰ بن بزول قزوینی سے سناکہ انہوں نےابوعبداﷲخفیف سے ان اشعارکے معنی دریافت کیئے:
سبحان من أظهر ناسوته                 سر سنا لاهوته الثاقب
ثم بدا فِي خلقه ظاهرا                      فِي صورة الآكل والشارب
حتى لقد عاينه خلقه                      كلحظة الحاجب بالحاجب
شیخ نے فرمایااس کے کہنے والے پرخداکی لعنت۔ عیسیٰ بن بزول نے کہا، یہ اشعارحسین بن منصورکے ہیں، فرمایا، اگراس کااعتقادیہی ہے(جوبظاہران اشعارسے مفہوم ہوتاہے) تووہ کافرہے، مگران اشعارکاان کی زبان سے نکلناپایٔہ صحت کونہیں پہنچا۔ ممکن ہے کسی نے غلط طورپران کی طرف منسوب کردیئے ہوں۔  (بحوالہ تاریخ مدینۃ السلام، الأمام خطیب بغدادیؒ: ج۸، ص۷۰۷-۷۰۸)
جواب:
۱۔ اس روایت کی سند میں بھی وہی ابن باکویہ شیرازی ہے جو محدثین کے نزدیک غیرثقہ ہے۔ (لسان المیزان: ج۷، ص۲۵۲)
۲۔ دوسرا راوی عیسیٰ بن بزول قزوینی بھی مجہول ہے۔ کتب اسماع الرجال میں اس کے حالات کاکہیں ذکرنہیں ملتا۔ لہٰذا یہ روایت بھی ضعیف ثابت ہوتی ہے۔
شیخ الاسلام عبداللہ بن المبارک المروزیؒ (متوفی ۱۸۱؁ھ) فرماتے ہیں کہ: ’’الإسناد من الدین، ولولا الإسناد لقال من شاء ماشاء‘‘۔ ’’سند دین میں سے ہے، اگر سند نہ ہوتی تو جو شخص جو چاہتا کہہ دیتا‘‘۔ (مقدمہ صحیح مسلم ترقیم دارالسلام: ۳۲ و سندہ صحیح)
اگر اس سند کو بھی جرح سے سالم مان لیا جائے تو بھی روایت کے الفاظ سے صاف معلوم ہوتا ہے کہ عیسیٰ بن بزول نے حسین بن منصورؒ سے خود یہ اشعار نہیں سنے، بلکہ کسی سے سن کربیان کیئے اور ابوعبداﷲبن خفیفؒ سے اس کے معنیٰ دریافت کیئے۔ پس ایسی روایت سے حجت قائم کرنا عقل سے بالاتر ہے۔یہاں یہ بھی معلوم ہواکہ ابن منصورؒ کی طرف جو اشعار منسوب کیئے گئے ہیں سب کی نسبت ان کی طرف پایٔہ ثبوت کو نہیں پہنچی۔ پس اگرکسی کو ان کے بعض اشعار میں خلجان پیداہوتو اس کو شیخ ابوعبداﷲبن خفیف کی طرح یہی سمجھناچاہیئےکہ شایدکسی نے غلط طور پرابن منصورؒ کی طرف منسوب کردیئے ہیں۔
ابن منصورؒ کے ماننے والوں میں شیخ عبداﷲبن خفیف بھی ہیں جوابن منصورؒکے بارے میں فرماتے ہیں کہ: ’’حسین بن منصورعالم ربانی ہیں‘‘۔ (تاریخ مدینۃ السلام، الأمام خطیب بغدادیؒ: ج۸، ص۶۹۸)

No comments:

Post a Comment