سوال باپت کتاب " #الرحیق_المختوم "
#سوال : السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
محترم المقام حافظ محمد نعمان نوشہری صاحب امید ہے کہ آپ بخیر و عافیت ہونگے ۔۔۔۔۔
حافظ صاحب آپ کے علم میں ہوگا کہ الرحیق المختوم نامی ایک کتاب ہے جو کہ سیرت کے موضوع پر لکھی گئی ہے۔ اس کتاب کے لکھنے والے صفی الرحمن مبارکپوری صاحب ہیں جو کہ فرقہ غیر مقلدیہ سے تعلق رکھتے تھے۔ اب سوال یہ ہے کہ آیا میں اس کتاب کو پڑھ سکتا ہوں یا نہیں ؟
سائل : تنویر احمد ڈار ( ساکنہ نوشہرہ سرینگر )
#جواب : فرقہ غیرمقلدیہ کے مشہور محقق جناب زبیر علی زئی صاحب کہتے ہیں :
ایسی کتابیں جن میں ضعیف روایات ہوں علمائے کرام نے ان کی فروخت سے منع کیا ہے بلکہ کئی جگہ تو جلانے کے بھی حکم دے گئے تھے۔۔۔۔ (البتہ) اگر کسی مسلمان عالم کو دیں کہ بھائی یہ کتاب پڑھ کر ان پر رد کرو تو پھر ٹھیک ہے ورنہ عوام کیلئے جائز نہیں ہے۔
نیز اسی جواب میں علی زئی صاحب نے ایسی کتابوں سے ہونے والے آمدنی کو بھی مشکوک قرار دیا ہے۔
دیکھیے زبیر علی زئی صاحب کی ویڈیو ( 35 سوالات / منٹ :27 / سکینڈ : 6 ) ( " 35Question's " )
معلوم ہوا کہ فرقہ غیرمقلدیہ کے نزدیک عوام کیلئے جائز نہیں کہ وہ ایسی کتاب پڑھیں جن میں ضعیف روایات ہوں بلکہ ان کے نزدیک ایسی کتابوں کو جلا دینا چاہیے اور ان سے کی گئی کمائی بھی مشکوک ہوتی ہے۔
اب آئیے آپ کی مسئولہ کتاب "الرحیق المختوم مولفہ صفی الرحمٰن مبارکپوری " کی طرف ،
اس کتاب کے بارے میں خود فرقہ غیر مقلدیہ ہی کی ایک دوسری کتاب " مقالات الحدیث " میں لکھا ہے : الرحیق المختوم میں ضعیف روایات بھی موجود ہیں۔
دیکھیے : ( مقالات الحدیث / ص 387 )
لہذا خود فرقہ غیر مقلدیہ کے فتوے کے مطابق آپ کیلئے اس کتاب کو پڑھنا جائز نہیں ہے بلکہ ان کے فتوے کے مطابق یہ کتاب ان کتب میں شامل ہے جن کو جلانے کے فتوے علماء کرام نے دئے ہیں۔ نیز اسی علی زئی فتوے کے مطابق اس کتاب سے فرقہ غیرمقلدیہ جو آمدن کرتا ہے وہ بھی مشکوک ہے۔
حق اور صحیح بات یہ ہے کہ یہ کتاب کوئی ویسی شاہکار نہیں ہے جیسا کہ خواہ مخواہ اس کو مختلف مواقع پر پیش کیا جاتا ہے بلکہ یہ تو ایک انعامی مقابلے کیلئے لکھی گئی تھی ناکہ محض سیرت نگاری کیلئے۔ اس کتاب میں ایسی کوئی زائد شئی موجود نہیں ہے جسے کوئی صاحب اس کی وجہ ترجیح قرار دے دے۔ اگر آپ سیرت پاک پر اردو میں کوئی بہترین کتاب پڑھنا چاہتے ہیں تو امام کشمیری رحمہ اللہ کے تلمیذ رشید حضرت مولانا ادریس کاندھلوی رحمہ اللہ کی کتاب " سیرت المصطفی صلی اللہ علیہ وسلم ٣ جلد " کا مطالعہ مفید رہے گا ان شاء اللہ۔
مجیب : ( حافظ ) محمد نعمان ( نوشہرہ سرینگر )
تاریخ نوشت : ٨ فروری ٢٠١٩ء
No comments:
Post a Comment